مریم نواز کتنے اثاثوں کی مالک ہیں، پہلی بارتفصیلات منظر عام پر آگئیں

لاہور(نیوز ڈیسک) مریم نواز لگ بھگ ایک ارب روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، نیب کے خط پر مختلف محکموں نے نواز شریف کی صاحبزادی کے اثاثوں سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں،سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی لگ بھگ ایک ارب روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔نیب کے خط پر مختلف محکموں نے مریم نواز کے اثاثوں سے متعلق معلومات نیب کو بھجوائی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع سے حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کروڑں روپے مالیت کی 1106 کنال اراضی کی مالک ہیں۔

چھ سے زائد کمپنیوں کے علاوہ چوہدری شوگر مل، حمزہ اسپننگ مل اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز کی بھی شراکت دار ہیں۔مریم نواز کے پاس حدیبیہ پیپر مل اور حدیبیہ انجینئرنگ کے شیئرز بھی موجود ہیں۔مریم نواز نے اپنے بھائی حسن نواز سے 3کروڑروپے اورسوفٹ انجری لمیٹڈ سے 70 لاکھ روپے قرض بھی لے رکھا ہے۔ لیگی رہنما کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کے شریف فیملی کی فلور مل میں 34لاکھ 62ہزار 500روپے کے شیئرز بھی ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں مریم نواز کا دعویٰ رہا ہے کہ ان کی بیرون ممالک تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔ تاہم اب سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے نام پر اچھی خاصی جائیداد موجود ہے۔

متعلقہ خبریں