پی ایف یو جے کی کراچی میں صحافی کے قتل کی مذمت

اسلام آباد(فیصل اظفر علوی سے)پی ایف یو جے کی کراچی میں صحافی کے قتل کی مذمت، دن دیہاڑے فائرنگ کرکے سینئر صحافی کو قتل کر دیا جانا حکومت کی ناکامی ہے، بلاول بھٹو سے واقعہ کانوٹس لینے بھی مطالبہ۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے کراچی شہر کی مصروف سڑک پر دن دیہاڑے فائرنگ کرکے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل کی مذمت کی ہے۔
پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے اطہر متین کے بیہمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ میڈیا کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی میں صحافیوں پر تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،اور یہ صوبائی حکام کی کوتاہی اور غفلت کی علامت ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں صحافی کے قتل کا نوٹس لینے اور صوبائی حکومت کو اطہر متین کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کرنے کی بھی اپیل کی۔

متعلقہ خبریں